(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت جوڈیشل واٹر کمیشن نے بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت ہو رہا ہے یہ کسی ایکشن کے بعد ہی باز آئیں گے۔
اس پر ایل ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز ہم نے ٹولنٹن مارکیٹ میں آپریشن کیا، ہماری کوشش ہے ٹولنٹن مارکیٹ کی ایسوسی ایشن ہمارے ساتھ آن بورڈ آ جائے، مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنا قانوناً جرم ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ میں نے دیکھا ہے کہ کچھ ریسٹورنٹس والے اپنا پانی بیچتے ہیں، جب تک وہ پانی پاکستانی معیار پر پورا نہ اترے اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس پر متعلقہ ادارے کو سوچنا ہو گا، ستمبر ختم ہونے کو ہے آپ ٹمپریچر دیکھ سکتے ہیں، یہ کلائمیٹ چینج ہے۔
عدالت نے کہا کہ اگر سڑکوں پر لین کی پابندی ہو گی تو آدھی آلودگی ختم ہو جائے گی، عدالت نے سٹرکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کو بھاری جرمانے اور لین کی خلاف ورزی پر چالان کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔