(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ امریکا سے واپسی تک آئینی ترمیم کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے رواں ہفتے نیویارک جائیں گے، وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے باعث آئینی ترمیم کا معاملہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی امریکا سے واپسی تک دوبارہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی، یاد رہے کہ آج وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والا کابینہ اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا، جس میں آئینی ترامیم کی منظوری دی جانی تھی، مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر کابینہ اجلاس ملتوی کیا گیا۔
خیال رہے کہ آج سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس بھی غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیئے گئے ہیں، دونوں ایوانوں میں آج بھی آئینی ترمیم پیش نہیں کی جا سکی۔
دوسری جانب لیگی رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے مجوزہ آئینی ترمیم غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ترمیم آنے میں ہفتہ دس دن بھی لگ سکتے ہیں، اگر ترمیم نہیں بھی آئی تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔