10 Sep 2024
(لاہور نیوز) ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ کی فاتح پاکستان ٹیم سری لنکا سے وطن واپس پہنچ گئی ۔
سکریبل چیمپئنز کی وطن واپسی پر کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور مداحوں نے شاندار استقبال کیا اور کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
پاکستان نے ریکارڈ پانچویں بار ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ جیتی ، 16 سالہ عفان سلمان ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن بنے، جنہوں نے چیمپئن شپ کے دوران 23میں سے 19 گیمز میں کامیابی حاصل کی۔
چیمپئن شپ کی ٹیم ٹرافی بھی پاکستان نے جیتی، پاکستان کے 4 پلیئرز نے ٹاپ ٹین میں فنش کیا۔
ایونٹ کے آخری روز اتوار کو سات راؤنڈز ہوئے جس کے اختتام پر نئے یوتھ سکریبل ورلڈ چیمپئن کا فیصلہ ہوا، چیمپئن شپ میں 138 پلیئرز نے حصہ لیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان ریکارڈ 5 مرتبہ ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ جیتنے والا پہلا ملک ہے۔