(ویب ڈیسک) منشیات کی لعنت کے خلاف پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ، مکروہ دھندے میں ملوث 116 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے 299 ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے، چھاپوں کے دوران مکروہ دھندے میں ملوث 116 ملزمان گرفتار، 115 مقدمات درج کیے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 62 کلو گرام چرس، 01 کلو ہیروئن، 1345 لٹرز شراب برآمد ہوئی ۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ماہ فروری سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 20342 ریڈز ماری گئیں ، منشیات کے دھندے میں ملوث 23822 ملزمان گرفتار، 23247 مقدمات درج کیے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 15 ہزار کلو گرام سے زائد چرس، 304 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی، اس کے علاوہ 438 کلو گرام افیون، 111 کلو آئس، 17 لاکھ 74 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دے دیا۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ماڈرن ڈرگز کی خریدو فروخت، آن لائن سپلائی اور استعمال کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے جائیں ، منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دی جائیں۔