(لاہور نیوز) عسکری 10 لاہور میں کم سن گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک اور واقعہ منظرعام پر آگیا ، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد کرنے والی مالکن کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والی گھریلو ملازمہ کا نام مقدس اور عمر 15 سال ہے۔ شمالی چھاؤنی کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھریلو ملازمہ مقدس پر بہیمانہ تشدد کرنے والی ملزمہ فرح بی بی کو گرفتار کر لیا۔
ملازمہ مقدس کے ابتدائی بیان کے مطابق مالکن فرح بی بی نے اسے ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا اور گرم پانی زبردستی پلاتی رہی۔
نوکرانی کی حالت بگڑنے پر پولیس کو مقامی لوگوں نے اطلای دی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملازمہ مقدس کو ہسپتال پہنچایا۔
پولیس نے ملازمہ کے بیان پر مقدمہ درج کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا جبکہ متاثرہ ملازمہ کے والدین سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔