(لاہور نیوز) منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری، اے این ایف نے 9 کاروائیوں میں 1 کروڑ روپے مالیت کی 90 کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی جبکہ 11 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
اے این ایف حکام کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 1.9 کلو چرس برآمدکرلی گئی جبکہ پشاور میں کوریئر آفس میں انگلینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے 400 گرام ہیروئن برآمدکی گئی۔
حکام کا بتانا ہے کہ ایک اور کارروائی میں جی ٹی روڈ شیخوپورہ کے قریب دو ملزمان سے 48 کلو چرس برآمد کی گئی، پنجگور سے 25 کلو چرس برآمد جبکہ اوکاڑہ میں ملزم سے 8 کلو چرس برآمدکرلی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق حب سے 2 کلو ہیروئین اور 2 کلو افیون برآمد کی گئی جبکہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پر دو ملزمان سے 2.4 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔
ایک اور کارروائی کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب کی گئی جہاں 3 ملزمان سے 1.5 کلو چرس برآمد کرلی گئی ، پشاور میں یونیورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 100 گرام آئس اور 200 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئی ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔