(ویب ڈیسک) قلعہ گجر سنگھ میں رشتہ ٹوٹنے پر لڑکی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی سول لائنز ڈاکٹرعبدالحنان نے 15 پر لڑکی پر فائرنگ کی اطلاع ملنے پر نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن کی ہدایت کی جس پر ایس ایچ او تھانہ قلعہ گجر سنگھ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان میں عمیر ایوب،ا س کا والد ایوب بٹ اور دوست شاہزیب شامل ہیں، جنہوں نے رشتہ ٹوٹنے پر ماہ نور نامی لڑکی کو جان سے مارنے کے لیے اس پر فائرنگ کی۔ملزمان کے قبضےسے نائن ایم ایم پسٹل،گولیاں اور موٹر سائیکل تحویل میں لے کر تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان نے ایس ایچ او تھانہ قلعہ گجر سنگھ حماد شاہ اور پولیس ٹیم کو بروقت کارروائی کرنے پر شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔