(لاہور نیوز)عدالت نے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے، عدالتی حکم میں لکھا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر عدالت کو ڈاکٹر عافیہ سے متعلق ٹھوس وجوہات سے آگاہ کریں، ٹھوس وجوہات نہ دینے کی صورت میں سیکرٹری خارجہ ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں۔
تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ عدالت کو حکومت کی پوزیشن بارے واضح کریں، سیکرٹری خارجہ کی عدم پیشی پر حکومت کو 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق امریکہ سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر پیش رفت ہوئی ہے۔
عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر وہ تاریخ بتائیں جس تاریخ کو قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ امریکی حکومت کو بھیجا جائے گا۔
تحریری حکم نامہ کے مطابق فوزیہ صدیقی کے وکلاء اس مرحلے پر انکوائری نہیں چاہتے، فوزیہ صدیقی کے وکلاء صرف ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بحفاظت واپسی چاہتے ہیں، اس کیس کی مزید سماعت 2 ستمبر کو ہو گی۔