(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے بانی پی ٹی آئی پر اب سختی شروع کر دی گئی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا ہماری فیملی کے لوگوں کو اندر نہیں جانے دیا جاتا، 3 لوگوں سے زیادہ کسی کو بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا جاتا، اس کی وجہ 8 ستمبر کا جلسہ ہے، کل بھی صرف عمر ایوب اور شبلی فراز کو جانے دیا، آج بھی متعدد رہنما باہر بیٹھے رہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا آج توشہ خانہ کیس میں ضمانت کیلئے درخواست دی تو پراسیکیوشن نے کہا تیاری نہیں، جج صاحب نے بھی پیر کی تاریخ دے دی، اب یہ چاہتے ہیں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں جلد سزا دے دی جائے، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ہو گی تو ہائی کورٹ سے ضمانت میں لگ جائینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا القادر ٹرسٹ کو بند کرینگے تو سوال ہو گا جو بچے دین پڑھ رہے ہیں ان کا نقصان ہو گا، ہم کب تک ان کا تماشہ برداشت کرتے رینگے، ہم یہاں جو خواتین ہیں آجکل کی دہشت گرد ہیں، ہم پر دہشت گردی کے پرچے کاٹے گئے۔