(لاہور نیوز) چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس حضرت داتا علی ہجویریؒ کا سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا، عزاداری جلوسوں، مجالس اور عرس تقریبات کیلئے پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجالس، عزاداری جلوسوں، عرس تقریبات کے بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے۔
پولیس کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر 680 مجالس منعقد، 382 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے، 30 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، سپیشل پولیس، ٹریفک پولیس اور والنٹیرز بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں 44 مجالس، 5 جلوسوں کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے، داتا علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عزاداری جلوسوں کے روٹس میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے، خواتین عزاداروں کی سرچ اور سکیورٹی کیلئے لیڈی اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی، سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت بارے موثر بریفنگ دی جائے۔
راولپنڈی
چہلم امام حسینؓ و شہدائے کربلا کے موقع پر راولپنڈی میں بھی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق مرکزی جلوس میں 4400 سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہوں گے، ٹریفک پولیس کے 215 افسران و اہلکار ٹریفک روانی کو بحال رکھیں گے، جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں، مکمل باڈی سرچنگ کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کے راستوں میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے، چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں، روٹ پر گلیوں، سڑکوں، محلوں اور راستوں کو سیل کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کمیٹی چوک سے اقبال روڈ ٹریفک کیلئے بند ہے، ڈی اے وی کالج چوک پر مکمل ڈائیورشن کی گئی، پبلک سروس ٹرانسپورٹ کو ڈی اے وی چوک سے واپس بھجوایا جائے گا، دیگر ٹریفک کو گوالمنڈی سے ڈھوک کمہار سے بھوسہ گودام کی طرف موڑا جا رہا ہے، ٹریفک سینما چوک سے جا کر براستہ گنج منڈی روڈ سے پیرودھائی کی طرف جائے گی۔