(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی جانب سے گولڈمیڈلسٹ ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے کا چیک اور گاڑی کا تحفہ دے دیا گیا۔
گورنر ہاؤس لاہور میں سردار سلیم حیدر کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر ہاؤس پہنچنے پر گولڈ میڈلسٹ کا شاندار استقبال کیا گیا اور ہار پہنائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ارشد ندیم کو گورنر ہاؤس آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ارشد ندیم کی والدہ اور فیملی کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ارشد ندیم کی وجہ سے ایک لمبے عرصے کے بعد ملک کو خوشی نصیب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا، ہمارے قومی ہیرو کا پورے ملک میں استقبال ہو رہا ہے، سب لوگ خوشیاں منا رہے ہیں، ارشد ندیم نے پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کیا، توقع ہے کہ ورلڈ ریکارڈ بھی توڑیں گے۔
اس موقع پر اولمپیئن گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اللہ نے مجھ سمیت پورے پاکستان کو عزت بخشی، گورنر پنجاب کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے عزت دی، والدین اور قوم کی دعاؤں سے اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا، آئندہ بھی ملک کیلئے ایوارڈ حاصل کروں گا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے قوم کی طرف سے ملنے والی عزت بڑا اعزاز ہے، آنے والے مقابلوں کیلئے بھرپور تیاری کروں گا۔
تقریب کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے گولڈمیڈلسٹ ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے کا چیک اور گاڑی کا تحفہ دیا۔