(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی کرنے والوں اور کرانے والوں کا گینگ آہستہ آہستہ ایکسپوز ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والے اور کروانے والے ایک ہی گینگ کے پارٹنر ہیں، اب اس میں کوئی چیز پوشیدہ نہیں رہی، 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے اور اسکے سہولت کار کون تھے، بانی پی ٹی آئی کے اب نقاب اترنا شروع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ محسن کشوں اور احسان فراموشوں کی ہر ریس میں بانی پی ٹی آئی اول نمبر پر آئے ہیں، فوج میں خود احتسابی کا عمل خوش آئند ہے، پاکستان کے عوام پاک فوج کے سپہ سالار کے اس اقدام کو سراہتے ہیں، باقی بھی جن جگہوں پر 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کے سہولت کار ہیں ان اداروں کو خود احتسابی کا عمل شروع کرنا پڑے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جب تک 9 مئی کے ایک ایک کردار اور سہولت کار کو کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاتا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، پاکستان کے عوام اس بات کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں کہ شہداء کا تمسخر اڑانے والے کب کٹہرے میں لائے جاتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ شہداء کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں سوا سال بعد بھی ہمارے نظام عدل کی طرف دیکھ رہی ہیں۔