صدر، وزیراعظم کا 77ویں یوم آزادی پر عوامی ترقی ،ملک کو خوشحال بنانے کا عزم
(لاہور نیوز) یوم آزادی پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے عوامی ترقی کیلئے کام کرنے اور پاکستان کو خوشحال بنانے کے عزم کا اظہار کیاہے۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم آزادی حق خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنوں اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کو بروئے کار لائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا، قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہئے، قائداعظم کے فرمان کے مطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ملکی ترقی کیلئے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جشن آزادی پر سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں قومی یادگار پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب
سلام میں قومی یادگار پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم شہبازشریف تھے، پاک فوج کے تازہ دم دستے نے وزیر اعظم نے کو سلامی دی۔
تقریب میں وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، پاک فوج کی جانب سے شہداء کی یاد میں 21توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اپنے پیغام میں اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی عوام کو دلی مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آباؤ اجداد اور تحریک پاکستان کے بے شمار گمنام ہیروز کو عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جنوبی ایشیا میں لاکھوں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ملک کے حصول کے لئے انتھک جدوجہد کی جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی بسر کرسکیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خودارادیت کے بنیادی حق کے حصول تک بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کی اخلاقی’ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، ہم اپنے جائز حق کے لیے جدوجہد کرنے والے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔