(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ملتان ایئرپورٹ پر خصوصی اجلاس ہوا جس کے دوران ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ کو ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سی ایم اینیشیٹوز اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز نے ملتان ڈویژن میں منڈیوں میں لگائے گئے عوام دوست سیل کاؤنٹرز کو سراہا اور ملتان ڈویژن کے تمام اضلاع میں بیک وقت عوام دوست سیل کاؤنٹرز لگانے پر خوشی کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب مہم میں اچھی کارکردگی پر کمشنر ملتان مریم خان کو شاباش بھی دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ملتان ڈویژن میں سیوریج اورصفائی کی شکایات کو فوری حل کرنے کا حکم دیا اور شہر کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے خصوصی اینیشیٹوز کے ثمرات ملتان کے عوام تک یقینی طور پر پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ قیمتوں پر کنٹرول میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،افسران بھرپور مانیٹرنگ کریں، سرکاری نرخ سے زیادہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ،شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریاں لگائی جائیں، امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم سے ان کے آبائی علاقے میاں چنوں میں ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک اور گاڑی تحفے میں دی۔