(ویب ڈیسک) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماضی میں وقت ضائع ہوا اس سے سبق سیکھیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اور قوم 14اگست کا دن روایتی جوش و خروش سے منائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ضائع ہونے والے وقت سے سبق حاصل کرکے محنت کریں گے، ارشد ندیم قوم کا ہیرو ہے ، ارشد ندیم نے 40سال بعد پاکستان کو گولڈ میڈل جیت کر دیا ہے، پوری قوم اللہ کا شکر ادا کررہی ہے ،خوشیاں منارہی ہے، ارشد ندیم نے ماضی قریب میں بھی مقابلوں میں حصہ لیا، اللہ نے محنت اور ریاضت کی وجہ سے ارشد ندیم کو یہ مقام عطاکیا۔
محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے دن رات محنت کی، ارشد ندیم کے کوچ نے بھی بہت محنت کی، کابینہ کی اس میٹنگ میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، صدر پاکستان کو ارشد ندیم کو میڈل کیلئے خط ارسال کردیا تھا، آج دعوت دی ہے کہ ارشد ندیم وزیراعظم ہاؤس تشریف لائیں، قومی ہیروز کی عزت کرنا پوری قوم کا فرض ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ لمحہ پوری قوم کیلئے یکجہتی کا ہے، پاور سیکٹر نے گزشتہ کئی ماہ سے محنت کی ہے، وزیر توانائی اور متعلقہ حکام نے بہت محنت کی،بجلی کی قیمت کا بہت بڑا رول ہے ،ہمیں وہ ادا کرنا ہے، ایف بی آر ہمارا اہم ہدف ہے۔
ان کا کہنا تھا میری پاور سیکٹر اورایف بی آر ان دو ایریاز میں بہت ترجیحات ہیں، اللہ چاہے گا تو ہم ان دو سیکٹرز میں کامیاب ہوں گے، گزشتہ 6ماہ میں گورننس کو ڈیجیٹائزڈ کرنے کی کوشش کی ہے، پاور سیکٹر میں کئی مہینوں سے محنت کی، ایف بی آر کیلئے ہم نے کنسلسٹنٹ بلائے ہیں، وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، وقت کا بھرپور استعمال کریں تب اللہ کامیابی سے ہمکنار کرائے گا، ہمیں ماضی کی 76سال کی بیماری سے جان چھڑانی چاہیے۔
محمد شہبازشریف نے کہا کہ درست فیصلوں سے قوم میں امید پیدا ہوگی، ایف بی آر میں گریڈ 22کے افسران کو تبدیل کیا گیا، اللہ جانتا ہےمیں ایک آدھ کے علاوہ کسی کو نہیں جانتا،میں 4راتیں خود بیٹھا،انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے اسٹے آرڈر لے لیا، الحمدللہ! وہ اسٹے آرڈر خارج ہوگیا،توجہ نہ دی جاتی تو وہ افسران دوسری پوسٹوں پر آجاتے، کوئی شخص عقلِ قُل نہیں ہوتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کریز سے باہر نکل کر چھکا ماریں گے تو کپتان کے ساتھ آپ کو کریڈٹ ملے گا، مل کر کام کریں گے تو ضرور مشکلات سے باہر نکلیں گے، مستحکم پاکستان کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
آخر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں شہدا کیلئے بھی خصوصی دعا کرائی اور کہا کہ ہم سب کا عزم ہے کہ عزم استحکام کیلئےہماری ہر چیز قربان ہے۔