(لاہور نیوز) ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کا پورا اجلاس اقلیتوں کیلئے مختص کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رامیش سنگھ اروڑا نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کا پورا اجلاس اقلیت کے لئے مختص کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے حلف اٹھاتے ہی اقلیت کو سر کا تاج کہا جس پر انہوں نے عمل کیا۔
رامیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا کہ آج سب مل کر اقلیت کے حقوق کےلئے آواز اٹھائیں گے، آئین پاکستان برابری کی بات کرتا ہے اس لئے اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، عوام کی اکثریت امن کی بات کرتی ہے، عوام سے درخواست ہے امن کو سبوتاژ کرنے والوں کا مقابلہ کریں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ شرپسند عناصر کے عزائم کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ ناکام بنانا ہے، ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی سب ملتے ہیں تو ایک اکائی بنتی ہے۔