(لاہور نیوز) سوشل میڈیا پردوستی کے ذریعے طالبہ کو بلیک میل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق طالبہ نے ویمن سیفٹی ایپ پر چیٹ کے ذریعے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروائی،طالبہ کی سوشل میڈیا پر دو لڑکیوں سے دوستی ہوئی،جنہوں نے دھوکے سے دو لڑکوں سے ملاقات کروا دی۔
اتھارٹی ترجمان نے بتایا کہ لڑکوں نے دھوکہ دہی سے طالبہ کی تصاویر اور ویڈیوز بنا لیں اور بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔
متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا کہ ملزمان مجھے کالج آتے جاتے ہراساں کرتے تھے، مجھے جان سے مارنے اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے تھے۔
سیف سٹی ترجمان نے بتایا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے پولیس کا کالر سے رابطہ کروایا اور لڑکوں کی نشاندہی کروائی، سیالکوٹ پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طالبہ نے بروقت کارروائی کرنے پر سیف سٹی ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن اور پولیس کا شکریہ ادا کیا، خواتین کسی بھی شکایت کی صورت میں ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں۔