اسحاق ڈار اور سیکرٹری جنرل او آئی سی کی ملاقات، غزہ، کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال
(لاہور نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر ہوئی، ملاقات میں غزہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل سے فلسطینیوں کی جاری نسل کشی اور غزہ اور مغربی کنارے میں سنگین انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے جنگ بندی کی فوری ضرورت اور فلسطینی عوام کے لئے انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے او آئی سی کی کوششوں کی تعریف کی، وزیر خارجہ نے اقدامات کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ اور جموں و کشمیر کے لئے خصوصی ایلچی کے کشمیریوں کے جائز حق خود ارادیت کی حمایت کرنے کے لئے تاریخی کردار کو سراہا، ملاقات میں اسلامو فوبیا، امتیازی سلوک اور مسلمانوں کے خلاف تشدد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اسلاموفوبیا پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کی تقرری کو بھی سراہا۔