(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور پولیس کی کارکردگی کی جانچ کے لئے’’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘‘ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کیپٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے 15 کی مصدقہ کالز پر ایف آئی آر کا اندراج اور میرٹ پر کارروائی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا 15 کالز پر ہر صورت حسب ضابطہ کارروائی ہونی چاہئے، بجلی چوری میں ملوث مطلوب ملزمان کو فی الفور قانون کے شکنجے میں لایا جائے، سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کو مؤثر تفتیش کے ذریعے پابند سلاسل بنائیں، قتل سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات کی تفتیش میں مدعیوں سے ملاقاتیں اور ان کی دادرسی یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا ایس ڈی پی او چوری اور ڈکیتی میں ملوث اشتہاریوں سے پوچھ گچھ کریں، ریکوریز کیلئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں، محکمہ پولیس کے تمام ونگز مشترکہ کاوشوں سے کرائم کنٹرول میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
اجلاس میں ڈی آئی جی (انویسٹی گیشن) ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آرگنائزڈ کرائم یونٹ) عمران کشور، ڈی آئی جی(آپریشنز) محمد فیصل کامران نے شرکت کی۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی (انویسٹی گیشن) انوش مسعود چوہدری، ایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال اور ڈویژنل ایس پیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔