(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کو انسانی سمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم کے خلاف اکٹھے کھڑے ہونا ہو گا ۔
انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے عالمی دن پر اپنے ایک پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بیروزگاری، غربت اور غیر مساوی دولت کی تقسیم سے انسانی سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے، ترقی پذیر ممالک کوغیر قانونی انسانی سمگلنگ کا سب سے زیادہ سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی انسانی سمگلنگ کے منظم گینگ سرگرم ہیں، ایف آئی اے ان گینگز کی سرکوبی کیلئے ہمہ وقت چوکس ہے، انسانی سمگلنگ میں ملوث متعدد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جا چکا ہے ،انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقوام عالم کو کثیر الجہتی مشترکہ اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلرز لالچ میں ہزاروں لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں، انسانی سمگلرز کے ہاتھوں کئی خاندان اپنے پیاروں سے جدا ہو چکے ہیں، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کو آج اس گھناؤنے جرم کے خلاف اکٹھے کھڑے ہونا ہو گا ۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ انسانی سمگلنگ انسانی حقوق، وقار اور آزادی کی صریحاً خلاف ورزی ہے، آئیں مل کر انسانی سمگلنگ کے خلاف آگاہی پیدا کریں اور انسانی سمگلنگ کی وجوہات کا تدارک کریں، ایسے معاشرے کیلئے کام کریں جہاں انسانی سمگلنگ کی صورت میں کسی کا استحصال نہ ہو۔