(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کردیاگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری اور دیگر حکام بھی موجود تھے جبکہ کمشنر اورڈپٹی کمشنرز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو سوشیو اکنامک رجسٹری کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا۔
سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت صوبہ بھر میں گھروں کو شمار کیا جائے گا، پراجیکٹ میں ہرگھرانے کا معاشی سٹیٹس بھی درج کیا جائے گا، سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت دیہات میں مویشیوں کو بھی شمار کیا جائے گا، صوبہ بھر میں 5 ہزار رجسٹریشن سینٹرز قائم کردیئے گئے۔
منصوبے میں رجسٹریشن کروانے والے افراد ہی سوشل پروٹیکشن پراجیکٹ کے حقدار ہوں گے، رجسٹرڈ شہری ای بائیک، روشن گھرانہ سولر پروگرام، ہمت کارڈ، کسان کارڈ سمیت دیگر سوشل پروٹیکشن پروگرامز میں اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے، رجسٹرڈ شہری ہیلتھ کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ اور سکالرشپ پروگرام میں بھی اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے۔
عوام گھر سے بیٹھ کر پورٹل پر بھی خود کو رجسٹرڈ کراسکتے ہیں اور ہیلپ لائن 02345-0800 پر رجوع کر سکتے ہیں اور آن لائن ویب پورٹل www.pser.punjab.gov.pk پر بھی اپنے کوائف کا اندراج کیا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مستند ڈیٹا ہونے سے حق اصل حقدار کو ہی ملے گا، عوام کے لئے سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ میں رجسٹریشن کو آسان بنایا ہے، اس پراجیکٹ سے حکومت کو لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
مریم نواز نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن سینٹرزپر آنے والے شہریوں کو آسانی فراہم کی جائے۔