(ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس شوٹنگ مقابلوں میں پاکستان کے گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔
پیرس اولمپکس میں مقابلوں کے باضابطہ پہلے روز پاکستان کے دو ایتھلیٹس ایکشن میں تھے تاہم دونوں ہی اچھا آغاز نہ کرسکے۔ مردوں کی 10 میٹر ایئر پسٹل شوٹنگ میں گلفام جوزف اپنے ماضی کا ریکارڈ نہ برقرار رکھ سکے اور 33 میں سے 22 ویں نمبر پر رہے۔
دوسری سیریز میں گلفام نے 9 ٹارگٹ مس کیے اور صرف 91 پوائنٹس حاصل کرسکے جس کی وجہ سے ان کی پوزیشن کافی متاثر ہوئی۔ ان کا مجموعی سکور 571 رہا۔
خواتین کی 10 میٹر ایئر پسٹل میں کشمالہ طلعت بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکیں۔ پاکستان کی شوٹر نے 6 سیریز میں مجموعی طور پر 567 پوائنٹس حاصل کیے۔
کشمالہ نے پہلی سیریز میں 93، دوسری میں 97، تیسری میں 94 پوائنٹس حاصل کیے۔
آخری تین سیریز میں پاکستانی شوٹر نے 93، 95 اور 95 پوائنٹس حاصل کیے اور مجموعی طور پر وہ 31 ویں نمبر پر رہیں۔
کشمالہ اور گلفام جوزف 29 جولائی کو مکسڈ ٹیم کے ایونٹ میں بھی شریک ہوں گے، کشمالہ طلعت خواتین کی 25 میٹر پسٹل مقابلوں میں بھی شریک ہوں گی ۔