(فہیم حیدر) ماضی کی معروف فلم سٹار ریشم نے دہائیوں بعد "مذاق رات"شو میں اپنے "اصل نام" سے پردہ اٹھا دیا۔
حال ہی میں نامور فلم سٹار ریشم دنیا نیوز کے مقبول مزاحیہ پروگرام "مذاق رات" میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت ذاتی زندگی اور سماجی کاموں کے حوالے سے بات چیت کی۔
ریشم نے بتایا کہ ان کا تعلق پنجاب کے شہر فیصل آباد سے ہے، شوبز کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی میرا خاندان لاہور منتقل ہوگیا تھا۔
کیریئر کی شروعات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ سرکاری ٹی وی کے ڈراموں میں مختصر کردار کیا کرتی تھی اور وہیں سے کیریئر کا آغاز ہوا جبکہ بعدازاں مرکزی کردار ملنے لگے۔
اداکارہ نے دوران انٹرویو انکشاف کیا کہ ان کا اصل نام ریشم نہیں بلکہ صائمہ ہے جو انہوں نے اس لیے تبدیل کیا تھا کیونکہ شوبز میں پہلے سے ہی اس نام کی اداکارہ تھیں جو مقبول تھیں لہٰذا انہوں نے اپنا نام بدلنا بہتر سمجھا۔
ریشم نے بتایا کہ جب ان کا پہلا ڈرامہ پی ٹی وی پر نشر ہوا تو اس سے قبل ہی ان کی بڑی بہن نے ان کا نام تبدیل کیا اور بڑے غور و فکر کے بعد انہیں ریشم نام دیا اور پہلےہی ڈرامے میں ان کا نام ریشم لکھا گیا۔