(ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار بابرعلی نے ماضی پیش آنے والے شوبز کیریئر کے دوران اپنے تکلیف دہ وقت سے پردہ اٹھادیا۔
حال ہی میں بابر علی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں میزبان وصی شاہ نے اداکار سے اُن کی زندگی کے سب سے تکلیف دہ لمحے کے بارے میں پوچھا۔میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بابر علی نے کہا کہ کیریئر کی شروعات میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران، میرے ساتھ گڈانی شِپ یارڈ میں حادثہ پیش آیا تھا۔
بابر علی نے کہا کہ میں 110 فُٹ کی بلندی سے نیچے گِرا تھا جس کے نتیجے میں میرے پاؤں کی ہڈیاں بُری طرح ٹوٹ گئی تھیں اور اس حادثے کی وجہ سے تین ماہ تک بستر پر رہا۔اداکار نے کہا کہ میرے ساتھ حادثہ پیش آیا تو لوگوں نے مجھے ‘لنگڑے گھوڑے’ کا خطاب دیا، میرے بارے میں کہا جاتا تھا کہ اب فلموں میں اس کا کام نہیں، یہ اب ہیرو نہیں رہا، اس کا کیریئر ختم ہوچکا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حادثے سے قبل میں نے جن نئے پراجیکٹس کے لیے معاوضے لیے تھے، مجھ سے وہ بھی واپس مانگ لیے گئے تھے،سب نے ساتھ چھوڑ دیا تھا لیکن صرف میرے والدین، میری منگیتر (موجودہ اہلیہ) اور سُسرال والے ساتھ کھڑے تھے۔
بابر علی نے کہا کہ مجھے وہ لوگ بُرے نہیں لگے جنہوں نے مجھے لنگڑا گھوڑا کہا لیکن میں اُن چہروں کو کبھی نہیں بھول سکتا جو حادثے سے پہلے مجھے سراہاتے تھے لیکن حادثے کے بعد بدل گئے۔اداکار نے مزید کہا کہ میری صحتیابی کے بعدمجھے سید نور کی فلم ‘مہندی والے ہاتھ’ اور خلیل الرحمان قمر کی فلم ‘گھر کب آؤ گے’ میں ولن کا کردار دیا گیا، اس کردار سے مجھے شہرت ملی اور اس کے بعد میرا معاوضہ ہیرو سے بھی زیادہ ہوگیا تھا۔