(لاہور نیوز) ’وطن کی مٹی گواہ رہنا‘ اور ’ہمارا پرچم یہ پیارا پرچم‘ جیسے خوبصورت ملی نغموں کی موسیقی ترتیب دینے والے خلیل احمد کی آج 27 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
نامور موسیقار خلیل احمد 1934ء میں یوپی کے شہر گورکھ پور میں پیدا ہوئے، ان کا پورا نام خلیل احمد خاں یوسفزئی تھا، وہ آگرہ یونیورسٹی سے گریجوایشن کرنے کے بعد 1952 ء میں پاکستان آگئے، یہاں انہوں نے مہدی ظہیر سے موسیقی کے اسرار و رُموز سیکھے۔
1962 ء میں ان کی فلم ’’آنچل ‘‘نمائش کیلئے پیش ہوئی، اس فلم کے گیت ہٹ ہوئے اور خلیل احمد کو راتوں رات صف اول کا موسیقار بنا دیا۔
خلیل احمد کی مشہور فلموں میں دامن، خاموش رہو، کنیز، مجاہد، میرے محبوب، ایک مسافر ایک حسینہ، آنچ، داستان، آج اور کل کے نام سرفہرست ہیں، انہوں نے 40 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔
موسیقار خلیل احمد نے پی ٹی وی پر بچوں کے ایک مقبول پروگرام’’آنگن آنگن تارے‘‘ کی میزبانی بھی کی اور ٹیلی ویژن کے متعدد نغمات کی موسیقی دی، ان کے ملی نغمے آج تک روز اول کی طرح مقبول ہیں۔
نامور موسیقار خلیل احمد 21 جولائی 1997ء کو وفات پا گئے اور ان کی آخری آرام گاہ لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں ہے۔