( لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، شدید گرمی اور جان لیوا حبس میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا حرام کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی، سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لیسکو کی سب ڈویژنز میں روزانہ 2 سے 3 ٹرانسفارمر جلنے لگے، تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے کے باعث شہری گھنٹوں بجلی سے محروم رہنے لگے ۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کی بجلی کی طلب 4000 میگا واٹ جبکہ کوٹہ 4150 میگاواٹ ہے، لیسکو کے پاس بجلی ضرورت سے زیادہ مگر سسٹم کی خامیوں کے باعث غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
لیسکو کی جانب سے کیٹگری ون اور ٹو پر زیرو اور ہائی لاسز فیڈرز پر 5 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا، شیڈول کے برعکس مختلف گنجان آباد علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ سبزہ زار، شاد باغ، حاجی پارک، بند روڈ، عامر روڈ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری پریشان ہو چکے ہیں۔