پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے سے قبل اعتماد میں نہیں لیا گیا: پیپلزپارٹی کا شکوہ
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے پر پیپلز پارٹی کا ردعمل آگیا۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت نے پیپلزپارٹی کو اس فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا، ہم حکومت کے اس فیصلے سے متعلق پارٹی کے اندر مشاورت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے تو اسے اپنا رویہ بھی سیاسی بنانا ہوگا۔
پی پی رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فیصلے سے پہلے ہم سے مشاورت نہیں کی گئی، کن بنیادوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہمیں نہیں پتہ۔
خورشید شاہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، عارف علوی اور قاسم سوری نے آئین کی خلاف ورزی کی جس کا فیصلہ عدالت کرے گی، جو ملک کے حالات چل رہے ہیں سب کو مل کر بیٹھنا چاہیے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی نے بھی تحریک انصاف پر پابندی کی مخالفت کی ہے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کے تمام اصولوں کے خلاف ہے، حکومت کو ایسے اقدام اٹھانے سے گریز کرنا چاہیے، اس اقدام سے سیاسی افراتفری بڑھے گی اور معیشت تباہ ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔