(لاہور نیوز) جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے الیکشن 2024 پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی نہیں قلی قبول کرنا پڑے گا، سپریم کورٹ سے استدعاہے پورے الیکشن پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو جیتنے کیلئے 70 ہزار اضافی ووٹ ڈلوانے پڑے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کیا حیثیت رہ گئی۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، حق دو عوام کو تحریک پورے پاکستان میں شروع ہوچکی ہے، کل ملک بھر میں احتجاج ہوں گے، مڈل کلاس کو تباہ کیا جارہاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن کی روشنی میں قانون سازی کی جائے، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تازہ ہوا کا جھونکا ہے، ایم کیو ایم کو کراچی سےقومی اسمبلی کی 15 نشستیں دےدی گئیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اب پٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کرنے جارہے ہیں، آئی ایم ایف کے کہنے پر یہ اخراجات کو کم نہیں کریں گے، 200 یونٹ تک ریلیف دے رہے ہیں لیکن 201 یونٹ والے کا کیا قصور ہے۔