(ویب ڈیسک) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کو آسان اور زیادہ موثر بنانے کے لئے اصلاحات کی ضرورت ہے۔
اپنے ایک بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ ٹیکسوں کی ادائیگیوں کے طریقہ کار اور نظام کو دوستانہ بنانے کی ضرورت ہے، ڈیجیٹل ٹیکس فائلنگ و ادائیگیوں سے ٹیکس سسٹم زیادہ موثر اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا خاتمہ ہو گا۔
انہوں نے کہا ٹیکس دہندگان کو ان کی ذمہ داریوں اور ادائیگیوں کے فوائد کے بارے آگاہی دینا بھی ضروری ہے، اس سے ٹیکس کلچر کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
افتخار علی ملک نے مزید کہا کہ ٹیکس قوانین کو آسان بنایا جائے تاکہ وہ عام ٹیکس دہندگان کے لئے زیادہ قابل فہم ہوں اور پیشہ وارانہ مدد کی ضرورت کم سے کم پیش آئے، ٹیکس نظام میں شفافیت اور جوابدہی لانے کیلئے ٹیکس قوانین کا واضح ہونا اور مستقل نفاذ ضروری ہے۔