وزیراعلیٰ کی لاہور بورڈ میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی تعلیم کے اخراجات ادا کرنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور بورڈ میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی تعلیم کے تمام اخراجات ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے لاہور بورڈ میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی ملاقات ہوئی، مریم نواز شریف اپنی نشست چھوڑ کر طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں، انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لئے پوزیشن ہولڈرز کی فیس کی ادائیگی کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو ٹرافیاں، تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعامات دیئے، پہلی پوزیشن ہولڈرز کو تین، تین لاکھ، سیکنڈ کو دو دو لاکھ اور تھرڈ پوزیشن ہولڈرز کو ایک ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے۔
اس موقع پر معصوم طالبہ گھر کے حالات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں، طالبہ نے کہا پہلے لوگوں نے وعدے پورے نہیں کئے، اب پتہ چل رہا ہے اب مریم نواز ہماری وزیراعلیٰ ہیں، اعلیٰ تعلیم کے لئے والدین پر بو جھ نہیں بننا چاہتی۔
ایک طالب علم کا کہنا تھا وزیراعلیٰ مریم نواز کی دعوت سے فخر محسوس ہو رہا ہے، اعتماد بڑھا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر پوزیشن ہولڈر سے بات چیت کی اور پڑھائی کی ٹائمنگ کے بارے میں بھی پوچھا، طلبہ نے ٹیچرز، والدین اور بہن بھائیوں کی سپورٹ اور پسندیدہ مضمون کے بارے میں بھی بتایا، پوزیشن ہولڈرز طلبہ نے ریاضی کو پسندیدہ مضمون قرار دیا، طلبہ نے وزیراعلیٰ سے کھل کر باتیں کیں اور خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا ہونہار طلبہ کے درمیان دیکھ کر فخر محسوس کر رہی ہوں، پوزیشن ہولڈرز کی قابلیت دیکھ کر رشک آتا ہے، بہت خوش ہوں، ملک کا مستقبل روشن ہے، بچوں کی کامیابی پر والدین اور ٹیچرز خوشی اور فخر محسوس کرتے ہیں۔