(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ جویریہ عباسی نے دوسری شادی کی تصدیق کردی۔
حال ہی میں اداکارہ جویریہ عباسی نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی دوسری شادی کی بھی تصدیق کی۔
پروگرام کےد وران شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جویریہ عباسی نے بتایا کہ ان کی شادی کو 3 ماہ ہو چکے ہیں اور وہ اب اپنے شوہر کے ہمراہ پرسکون زندگی گزار رہی ہیں، ان کے شوہر کاروباری شخصیت ہیں اور ان کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹی عنزیلہ عباسی نے ہی انہیں شوہر سے شادی کا مشورہ دیا تھا اور عنزیلہ کی مرضی سے ہی انہوں نے شادی کیلئے ہاں کی، اس کے علاوہ تمام خاندان والوں اور دوستوں نے شادی کا مشورہ دیا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ بشریٰ انصاری اور ثمینہ احمد نے بڑی عمر میں شادی کرکے مجھ جیسی خواتین کو حوصلہ دیا، بشریٰ انصاری نے مجھے متعدد ملاقاتوں میں شادی کا مشورہ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی کرنے میں تاخیر کی وجہ زیادہ ذمہ داریوں کا بوجھ تھا، پہلے والداور پھر والدہ کی بیماری کے باعث خود کے بارے میں سوچنے کا موقع نہیں ملا، بیٹی عنزیلہ کی شادی اور والدہ کے انتقال کے بعد تنہا رہ گئی تھی اس لیے شادی کا سوچا۔
واضح رہے کہ جویریہ عباسی نے پہلی شادی اداکار شمعون عباسی سے 1997 میں کی تھی جس سے ان کی ایک بیٹی ہے، تاہم دونوں نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی، بیٹی کی شادی کے ایک سال بعد اب جویریہ عباسی نے بھی نئی زندگی کی شروعات کرلی ہے جبکہ شمعون عباسی پہلے ہی تیسری شادی کر چکے ہیں۔