مذاکرات ناکام، پٹرولیم ڈیلرز کا 5 جولائی کو ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان
(لاہور نیوز) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی نے 5 جولائی کی صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے بڑا اعلان کرتے ہوئے ڈیلرز کو کہا ہے کہ 4 جولائی تک کا پٹرول پمپس پر رکھیں، کل رات سے ملک بھر کے پمپس ڈرائی ہونا شروع ہوجائیں گے۔
عبد السمیع خان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے 13 ہزار ڈیلرز اپنے پمپ 5 جولائی سے بند کر دیں گے، ہڑتال ایک دن سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں پٹرول بھروالیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین اوگرا سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں نتیجہ نہ نکلنے کے سبب ہڑتال کر رہے ہیں، ڈبل ٹیکسیشن آئین کی خلاف ورزی ہے، جب تک حکومت اس کو واپس نہیں لیتی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
آل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن کا موقف
دوسری جانب چیئرمین آل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن میرشمس شاہوانی نے 5 جولائی سے پٹرول کی سپلائی بندش کے حوالے سے اظہار لاتعلقی کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی جاری رہے گی۔
چیئرمین میر شمس شاہوانی نے کہا کہ 5 جولائی کو ملک بھر میں پٹرول کی سپلائی جاری رہے گی، موجودہ صورتحال میں سپلائی بند کرنے کا سوچ نہیں سکتے، گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر تیل کی سپلائی بندش کی خبریں گردش کر رہی ہیں، ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں۔