03 Jul 2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے فوری بعد وزیر خوراک بلال یاسین آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لئے متحرک ہو گئے اور فلور ملز نمائندگان سے ملاقات کی، جس کے نتیجہ میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا۔
وزیر خوراک بلال یاسین نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جس کے بعد فلور ملز نمائندگان نے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 80 سے 90 روپے تک کمی کا اعلان کر دیا۔
فلور ملز نمائندگان کے ساتھ میٹنگ میں سیکرٹری فوڈ معظم اقبال سپرا اور ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب جدون نے بھی شرکت کی۔
صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ گندم کے اضافی سٹاک کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے۔