(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے مہنگائی کیلئے مقرر کردہ سالانہ ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکامی کا انکشاف ہوا ہے، گذشتہ مالی سال24-2023 کے دوران ملک میں اوسط مہنگائی 23.41 فیصد رہی جو21 فیصد کے سالانہ ہدف سے زیادہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ماہانہ رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ جون میں ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 0.46 فیصد اضافہ ہوا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون میں مہنگائی کی شرح 12.57 فیصد رہی، مئی 2024 میں مہنگائی کی شرح 11.76 فیصد تھی ۔
رپورٹ کے مطابق جون کے دوران شہروں میں مہنگائی میں 0.58 فیصد جبکہ دیہات میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا، مالی سال 24-2023 کے دوران شہروں میں مہنگائی کی شرح 24.12 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال دیہات میں مہنگائی کی شرح 22.41 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، واضح رہے کہ تین جون کو جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کو مہنگائی میں 3.24 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد مئی میں مہنگائی کی شرح 11.76 فیصد ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی میں آلو 14.73 ، گوشت 4 اور لوبیا 3.9 فیصد مہنگا ہوا، جب کہ ٹماٹر، پیاز 51، چکن 35.2 اور گندم 22.7 فیصد سستا ہو، ایک سال کے دوران پیاز 86.6 ، ٹماٹر 55.4 اور مصالحہ جات 39.17 فیصد مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مئی میں مائع ایندھن 9.4 ، بجلی چارجز 4.5 اور موٹر فیول 3.18 فیصد سستا ہوا، جب کہ ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں 58.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک سال میں ٹرانسپورٹ سروس 32.2 اور سوتی ملبوسات 23.2 فیصد مہنگے ہوئے۔