(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ڈیرن سیمی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔
206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی اور 24 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آسٹریلیا کی اننگز
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے کیا تاہم ڈیوڈ وارنر 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش 37، گلین میکسویل 20، مارکس سٹوئنس 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ ٹم ڈیوڈ 5 اور میتھیو ویڈ ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 2 جبکہ ارشدیپ سنگھ، جسپریپ بمراہ اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کی اننگز
قبل ازیں بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے کیا مگر یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور ویرات کوہلی بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم روہت شرما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے رشبھ پنٹ 15، سوریہ کمار یادو 31، شیوم دوبے 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردک پانڈیا 27 اور رویندر جڈیجہ 9 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک اور مارکس سٹوئنس نے 2،2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔