(لاہور نیوز) بینکوں کے ڈیپازٹس، سرمایہ کاری اور مختصر مدت کے قرضوں میں مئی کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مئی 2024 میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 29349 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 20.3 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مئی میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 24388 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اپریل کے مقابلے میں مئی میں بینکوں کے ڈیپازٹس میں ماہانہ بنیادوں پر 3.3 فیصد کی نمو ہوئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق مئی 2024 میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 12169 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 0.8 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مئی میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 12072 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اپریل کے مقابلے میں مئی میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 1.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔
اعدادوشمار کے مطابق مئی 2024 میں بینکوں کی سرمایہ کاری(سٹاک) کا حجم 28923 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 43.6 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مئی میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 20144 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اپریل کے مقابلے میں مئی میں بینکوں کی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی نمو ہوئی۔