(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے سپر 8 مرحلے میں آسٹریلین فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز نے پہلی ہیٹ ٹرک کر ڈالی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 8 مرحلے کے گروپ اے میں شامل آسٹریلیا اور بنگلادیش کی ٹیمیں ایونٹ کے 44 ویں میچ میں انٹیگووا کے سر ویون رچرڈز کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں جس میں آسٹریلیا نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے ذریعے بنگلا دیش کو 28 رنز سے شکست دیدی۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پیٹ کمنز نے ایک اوور کی آخری دو اور دوسرے اوور کی پہلی گیند پر وکٹ لیکر ہیٹ ٹرک مکمل کی، انہوں نے محمود اللہ، مہدی حسن اور توحید ہری دوئے کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ یہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ میں کسی بھی باؤلر کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک ہے اور پیٹ کمنز سابق فاسٹ باؤلر بریٹ لی کے بعد دوسرے آسٹریلین باؤلر بنے ہیں جنہوں نے ٹی 20 ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔