(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 28 رنز سے شکست دیدی۔
بنگلا دیش کے 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 11 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا بعدازاں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو فاتح قرار دے دیا گیا۔
آسٹریلیا کی بیٹنگ
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کا آغاز کیا، اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر نے 35 گیندوں پر 53 رنز کی ناقابل شکست ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ 31 اور کپتان مچل مارش صرف ایک رن بنا کر ہی پویلین چلتے بنے جبکہ گلین میکس ویل 6 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں انٹیگووا کے شہر نارتھ ساؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں بارش کے باعث ٹاس کچھ دیر تاخیر کا شکار ہوا۔
بنگلادیش کی بیٹنگ
بنگلادیش نے آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، کپتان نجم الحسین سب سے زیادہ 41 رنز کیساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے توحید ہری دوئے 40، لٹن داس 16 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ تسکین احمد 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، علاوہ ازیں بنگلادیش کا کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3، ایڈم زیمپا نے 2، مچل سٹارک، مارکس سٹوئنس اور گلین میکس ویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ اے میں بھارت، افغانستان، آسٹریلیا اور بنگلادیش جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقا، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔
اس سے قبل ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے ہونے والے میچز میں بھارت، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔