(لاہور نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی۔
سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کا 181 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
انگلینڈ کی بیٹنگ
انگلینڈ کی جانب سے اوپنر بلے باز فلپ سالٹ 47 گیندوں پر 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے جبکہ جونی بیرسٹو نے بھی 26 گیندوں پر 47 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
انگلش ٹیم کے کپتان جوش بٹلر 22 گیندوں پر 25 جبکہ معین علی 10 گیندوں پر 13 رنز بنا پائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز اورآندرے رسل نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ
قبل ازیں انگلینڈ کی دعوت پر میزبان ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے انگلش باؤلرز کو مشکل میں ڈالے رکھا، اوپنر برینڈن کنگ 23 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس لوٹ گئے، ان کی جگہ پر آنے والے نکولس پورن نے جونسن چارلس کا بھرپور ساتھ دیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 94 تک پہنچا دیا اس کے بعد جونسن چارلس 38 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔
جونسن چارلس کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان رومن پاول نے بھی انگلش باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور 17 بالز پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جارح مزاج بیٹر آندرے رسل صرف ایک ہی رن بنا پائے۔
شرفین رتھرفورڈ 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیام لیونگسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلش ٹیم
انگلش ٹیم کی قیادت جوش بٹلر نے کی جبکہ فلپ سالٹ، ہیری بروک، جونی بیرسٹو، معین علی، لیام لیونگسٹون، سیم کرن، جوفرا آرچر، عادل رشید، مارک ووڈ اور ریس ٹوپلی ٹیم کا حصہ تھے۔
ویسٹ انڈین سکواڈ
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتانی کے فرائض رومن پاول نے سرانجام دیئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں برینڈن کنگ، جونسن چارلس، نکولس پورن، روسٹن چیز، آندرے رسل، شرفین رتھرفورڈ، روماریو سیفرڈ، عقیل حسین، الزاری جوزف اور گڈکیش موتی شامل تھے۔