(لاہور نیوز) امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہو گیا جبکہ 6 کھلاڑی امریکا میں ہی قیام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امریکی ریاست فلوریڈا سے وطن واپس روانہ ہو گئے، قومی کرکٹرز دبئی سے مختلف پروازوں میں اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہوں گے، کرکٹرز کل 19 جون کی علی الصبح پاکستان پہنچیں گے۔
کپتان بابر اعظم سمیت 6 کھلاڑی ٹیم کیساتھ آنے کے بجائے امریکا میں کچھ دن مزید قیام کریں گے، عماد وسیم، محمد عامر، حارث رؤف، شاداب خان اور اعظم خان بعد میں آئیں گے، بابر اعظم 22 جون کو وطن واپس آئیں گے، محمد عامر ایک دو روز میں ڈربی شائر جوائن کرنے انگلینڈ جائیں گے۔
بابراعظم کا ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کا اعتراف
دوسری جانب کپتان بابراعظم نے ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بطور اچھی ٹیم ثابت نہیں ہوئے، امریکا اور بھارت کیخلاف میچ میں ہم سے غلطیاں ہوئیں، وکٹیں گرنے سے بیٹنگ لائن پر پریشر آیا، کنڈیشنز کے لحاظ سے ہماری باؤلنگ اچھی رہی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی ٹیم کی ضرورت ہو گی اس کو دیکھیں گے، ہمارے پاس اچھے پلیئرز ہیں، ہم واپس گھر جا رہے ہیں، وہاں جا کر دیکھیں گے کہ ہم سے کیا کوتاہیاں ہوئیں، ہم واپس اٹھیں گے اور آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم قریب پہنچ کر میچ ہارے اور ایک اچھی ٹیم کے طور پر پرفارم نہیں کر سکے، آئرلینڈ کیخلاف میچ تو جیت لیا لیکن ہدف کے تعاقب میں وکٹیں گرتی گئیں پھر بھی ہمیں اچھے سے میچ فنش کرنا چاہئے تھا، مایوس کن کارکردگی کے ہم سب ذمہ دار ہیں۔