(ویب ڈیسک) نیدرلینڈز نے میکس او ڈاؤڈ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
امریکا کے شہر ڈیلس میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، نیپال کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 106 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس کے صرف 3 کھلاڑی ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔
ایشین ٹیم کے کپتان روہت پوڈل نے 35، گلشن جھا نے 14 اور کرن کھتری نے 17 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے ٹم پرنگل نے 18 اور لوگان وین بیک نے 20 رنز کے عوض 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پال وین میکرن اور باس ڈی لیڈے نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں نیدرلینڈز نے میکس او ڈاؤڈ کی شاندار نصف سنچری کی بدولت چار گیندیں قبل ہدف حاصل کر لیا۔
میکس او ڈاؤڈ نے 48 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ وکرم جیت سنگھ نے 22 اور سیبرینڈ انجل بریچت نے 14 رنز بنائے۔