(ویب ڈیسک) پاک بھارت میچ سے ہی آئی سی سی تجوریاں بھرلے گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ سے ہی خوب کمائی کا منصوبہ بنارکھا ہے، 9 جون کو شیڈول میچ کی عام ٹکٹیں پہلے ہی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوچکی ہیں، 6 مہنگے پیکجز میں سے 3 مکمل طور پر بک ہوچکے، اب صرف 3 پیکجز میں ٹکٹ دستیاب ہیں، ان میں سے ایک ڈائمنڈ کلب کی نشستیں بالکل وکٹ کے عقب میں ہیں جس سے میچ کا سب سے شاندار نظارہ ملے گا، اس کو مکمل طور پر ایئرکنڈیشن بنایا گیا ہے۔
ٹکٹ ہولڈر کو نہ صرف میچ سے قبل پلیئرز سے ملاقات کا موقع ملے گا بلکہ انھیں فیلڈ تک رسائی بھی ہوگی، دوران میچ انتہائی شاندار کھانا اور بہترین مشروبات فراہم کیے جائیں گے، اس کی 4 کیٹیگریز ہیں اور ہر ایک میں فی ٹکٹ کی قیمت 10 ہزار ڈالر ہے جو پاکستانی روپے میں 28 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے۔
پریمیئر کلب لاؤنج میں پاک بھارت میچ کیلیے ایک ٹکٹ 2500 ڈالر کی ہے، اس میں بھی پچ کا بہترین نظارہ ملے گا اور شاندار کھانے اور مشروبات کے آپشن موجود ہیں، اس پیکج میں شراب تک خریدی جاسکتی ہے۔ تیسرا کارنر کلب پیکج ہے جس کی ٹکٹیں پاک بھارت میچ کیلیے تاحال دستیاب ہیں، یہاں پر ایک ٹکٹ کی قیمت 2750 ڈالر ہے۔
دوسری جانب اس وینیو پر باقی شیڈول ورلڈکپ کیلیے تمام 6 پیکجز میں نہ صرف ٹکٹ باقی ہیں بلکہ کئی میچز کی تو عام ٹکٹیں بھی ابھی تک فروخت کیلیے دستیاب ہیں۔