پی ٹی آئی کے ورکرز پر ناجائز ایف آئی آر کا سلسلہ بند کیا جائے: ملک احمد بھچر
(لاہور نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز پر ناجائز ایف آئی آر کا سلسلہ بند کیا جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ یہ گورنمنٹ فارم 47 کی ہے اور عدالتی فیصلوں پر کھڑی ہے، آپ کیا سمجھتے ہیں ریٹائرڈ ججز ٹھیک فیصلے دیں گے؟ میں کہتا ہوں ریٹائرڈ ججز درست فیصلے نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ آپ عدالت میں بیٹھے ایک شخص کو کابینہ کے فیصلوں میں پابند کر رہے ہیں، ان کو متنبہ کرتا ہوں اتنا دیوار کے ساتھ نہ لگائیں کہ بندے کو آگے آنا پڑے، ہم تحریک کیلئے بالکل تیار ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز پر ناجائز ایف آئی آر کا سلسلہ بند کیا جائے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ چیزیں ان کے گلے میں پڑیں گی، ٹک ٹاکر پنجاب گورنمنٹ کا ایک مقصد ہے کہ پی ٹی آئی کے ورکرز کو دبائے، اس وقت یہ اپنے گلے پھانسی کے پھندے میں ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی والے دن ہمارے 16 بندے شہید ہوئے، ایف آئی آرز درج نہیں ہوئیں، یہ نئے نئے اوچھے ہتھکنڈوں کی طرف جا رہے ہیں، یہ اس ملک کو بنانا ری پبلک بنانا چاہتے ہیں، ہم پر ظلم نہ کیا جائے، ہم ایک تحریک کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، ہمارا ایک ہی مقصد ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بوگس اور جعلی مقدمات سے رہائی دلوائیں۔