(لاہور نیوز) میئر لندن صادق خان بھی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور ورلڈ کلاس بیٹر بابر اعظم کے فین نکلے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں واقع پاکستان ہاؤس میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں کپتان بابر اعظم سمیت تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی، عشائیے میں چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی بھی موجود تھے، اس کے علاوہ میئر لندن صادق خان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔
پاکستان ہاؤس میں عشائیے کی تقریب کا انعقاد برطانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر فیصل کی جانب سے کیا گیا، پاکستانی سفیر نے امید ظاہر کہ قومی ٹیم انگلینڈ کیخلاف آخری میچ جیت کر سیریز برابر کر دے گی۔
عشائیے کی تقریب میں میئر لندن صادق خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم میرا فیورٹ کھلاڑی اور رول ماڈل ہے، مجھے فخر ہے کہ پاکستان کی ٹیم ایک بار پھر لندن کھیلنے آئی۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ورلڈ کپ پاکستان میں آتا دیکھ رہا ہوں، چار ہفتوں میں ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں ہو گی، ٹیم کو قوم کی سپورٹ کی ضرورت ہے، قوم ٹیم کا بھر پور ساتھ دے۔