ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کا کیس: پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست منظور
(لاہور نیوز) احتساب عدالت لاہور نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس پر سماعت کی، شریک ملزم محمد خان بھٹی نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔
سابق وزیراعلیٰ کے وکلاء نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کروائی اور ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا کی، عدالت نے پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور ریفرنس پر مزید سماعت 7 جون تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ چودھری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی نے نیب انکوائری رپورٹ کی نقول فراہم کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے،نیب ریفرنس میں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سمیت 14 ملزمان نامزد ہیں۔
یاد رہے کہ نیب لاہور نے ملزمان کیخلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے،پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سمیت دیگر پر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔