(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ٹریبونلز کی تشکیل سے متعلق سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے 26 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، سلمان اکرم راجہ کی جانب سے بیرسٹر سمیر کھوسہ نے دلائل دئیے۔
عدالت عالیہ نے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ ایک ہفتے میں الیکشن کمیشن 6 ججز کا بطور الیکشن ٹریبونل تقرر کرے۔
لاہور ہائیکورٹ نے ٹریبونل کو کیسز مارک کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے اختیار کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ الیکشن کمیشن کا 26 اپریل کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز کے مترادف ہے، الیکشن کمیشن چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نامزد کردہ ججز کو بطور ٹریبونل تعینات کرنے کا پابند ہے، اگر چیف جسٹس کسی جج کے نام کو واپس لے لیتے ہیں تو الیکشن کمیشن اس جج کا تقرر مت کرے۔
فیصلے میں لکھا گیا کہ اگر الیکشن کمیشن عدالتی حکم کے باوجود الیکشن ٹریبونل کا تقرر نہ کرے تو لاہور ہائیکورٹ آفس اس معاملے کو چیف جسٹس کے سامنے پیش کرے، الیکشن ٹریبونل کے معاملے میں ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو الیکشن کمیشن سے برتری حاصل ہے۔