(لاہور نیوز) پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے الگ بیرکس مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
پنجاب کے سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ بھکاری مافیا جیل کی ہوا کھائے گا اور قانون اپنا راستہ لے گا۔
علاوہ ازیں سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ کیا اور جیل میں ملاقاتیوں کے کمرے، کچن، جیل ہسپتال، مرد اور خواتین کے بیرکس کا معائنہ کیا، انہوں نے جیل میں کھانے کا معیار چیک کیا اور فوڈ اتھارٹی کو ماہانہ سرپرائز وزٹ کی ہدایت کی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کے موسم میں ملاقاتی کمرے میں ایئر کنڈیشنڈ کا استعمال کیا جائے، جیلوں میں ملاقاتی کمروں کو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈیزائن کرے اور ملاقاتیوں کو تمام سہولتیں دی جائیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ، پرائیویٹ کنسلٹنٹ سے جیل عملے کو کھانے کی تیاری اور صحت بخش پریکٹس بارے تربیت دلوانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جیلوں کے کچن میں حفضان صحت کے اصولوں کے مطابق فوڈ گریڈ برتن استعمال کیے جائیں۔