(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیلز پراجیکٹ پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
صحت مند پنجاب کے حوالے سے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی کاوشیں رنگ لانے لگیں، شہروں اور دیہات میں فیلڈ ہسپتال، کلینک آن وہیلز سے روزانہ ہزاروں مریض مستفید ہو رہے، کینسر، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو مفت ادویات گھر میں ملنے لگیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو خوشحال اور صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں، ہر سیکٹر میری ترجیح ہے مگر صحت کی سہولتوں کی بہتری پر پوری توجہ ہے، شدید گرمی کے باوجود عوام کو گھر کی دہلیز پر علاج کی سہولتیں مہیا کرنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف قابل تحسین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیلز کے ذریعے ہزاروں مریضوں کے علاج کی سروسز خود مانیٹر کر رہی ہوں، ہیلتھ ریفارمز کے ثمرات دیکھ کر عوام کی مزید خدمت کرنے کا جذبہ تقویت پکڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ہیلتھ سہولتوں کا فقدان ہے وہاں سٹیٹ آف دی آرٹ فیسیلٹی پہنچا رہے ہیں، صوبے میں مراکز صحت اور ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور ری ویمپنگ جاری ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال فنکشنل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہر ضلع میں مکمل کارڈیالوجی اور پیڈز بلاک بنانے کے پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے، خدمت کا جذبہ ورثے میں ملا، اپنے عوام کے لئے ہر سہولت چاہتی ہوں۔