20 May 2024
(لاہور نیوز) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ چارے کے کاشتکار جوار کی فصل کی دوسری کٹائی رواں ماہ پھول نکلنے سے پہلے مکمل کر لیں۔
ماہرین زراعت کے مطابق اس وقت فصل کاٹنے پر مناسب غذائیت اور 600 سے 800 من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہو سکتی ہے ،تاہم فصل کو دیر سے کاٹنے کی صورت میں غذائیت کم ہونے کے ساتھ ساتھ کٹائیوں کی تعداد کم ہو جاتی ہے۔
ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ کٹائی کے بعد جوار چارہ کی فصل کو ہر ہفتے پانی دینا چاہئے تاکہ فصل کو سوکھنے اور کسی بھی قسم کی بیماری سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں چارے کی قلت پیدا ہو جاتی ہے لہذا بروقت سبز چارے کی کاشت اور محکمہ زراعت کے مشاورتی اقدامات پر عمل کر کے بہتر پیداوار اور اچھی فصل کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔