(لاہور نیوز) این ٹی ڈی سی کے بند روڈ پر گرڈ سٹیشن میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
این ٹی ڈی سی کے بند روڈ پر 220 کے وی کے گرڈ سٹیشن میں پاور ٹرانسفارمر جلنے سے آگ لگی، آگ کے باعث بند روڈ سے فیڈ ہونے والے لیسکو کے تمام گرڈ سٹیشنز بند ہو گئے۔
آتشزدگی سے گرڈ سٹیشن بند ہونے کے بعد سبزہ زار، علامہ اقبال ٹاؤن، شاہ پور، اورنج لائن میٹرو ٹرین کے گرڈ، قرطبہ، میکلوڈ روڈ، سنی ویو، سید پور سمیت متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور این ٹی ڈی سی اہلکاروں کیساتھ ملکر آگ بجھانے کی کوششوں کا آغاز کیا، آگ کی شدت زیادہ ہونے پر ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا اور لیسکو کی جانب سے بجلی بھی بحال کردی گئی۔